اسلام آباد، کراچی (اے پی پی ، این این آئی ، مانیٹرنگ ڈیسک)بارشوں کے غیر متوقع سلسلے نے پاکستان کا رخ کر لیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان، بالائی/ وسطی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی/ تیز ہوائوں
اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش جبکہ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں بعض مقامات پر بارش ہوئی ہے۔اس وقت جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد میں بھی شدید بارش جاری ہے ، طوفان کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ، امدادی ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ،دریں اثنا کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے، ماہِ مبارک میں زیادہ سے زیادہ درجہ 36 سے 37 ڈگری کے درمیان رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے اپریل کے دوران موسم کی امکانی صورتحال بتادی ہے۔اپریل شروع ہوتے ہی گرمی کے پارے نے 40 کا ہندسہ پار کیا تو کراچی والے چکرا کر رہ گئے، ذہنوں میں ایک ہی سوال تھا کہ سورج کے تیور یہی رہے تو رمضان میں کیا ہوگا۔ لیکن محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کے ابتدائی دس دِن کے دوران کراچی میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں اور پہلے عشرے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 37 رہے گا۔