کراچی(این این آئی) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے دو ہفتے کے لئے اسکول بند کرنے کی تجویز دی ہے۔ہفتہ کووزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم سندھ اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر تعلیمی اداروں کے اوقات
سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت اور غور کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری اسکول، سیکرٹری کالجز اور بورڈز کے چیئرمین شریک ہوئے۔ شرکا نے کرونا صورت حال میں تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے غور کیا، جبکہ صوبے میں کرونا ٹاسک فورس اور این سی او سی کے فیصلوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں کمیٹی نے رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر تعلیم سعید غنی نے دو ہفتے کے لئے اسکول بند کرنے کی تجویز دی۔ تاہم ذرائع نے بتایاکہ پرائیوٹ اسکولز مالکان نے وزیر تعلیم کو فیصلے پر غور کرنے کی درخواست کی ہے۔ اسکولز مالکان نے کہاکہ پہلے عوامی مقامات، سینما، واٹر پارک بند کرائیں، پھر اسکولز کا سوچیں۔دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے ماہ رمضان میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کردی ہے، جس کے تحت صبح کی شفٹ والے اسکولز کے اوقات 7:30 سے 11:30 ہوں گے، اور دوسری شفٹ کے اسکولز 11:45 سے 02:45 تک کھلیں گے۔جمعہ والے روز اسکولوں کے اوقات 7:30 سے 10:30 بجے تک ہونگے۔محکمہ تعلیم سندھ نے رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کو تبدیل کرنے کا حکم جاری کردیا۔