کراچی، اسلام آباد (آن لائن) سند ھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کورہاکردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کا نیا ریلیز آرڈر جاری کیا گیا ، جیل حکام رہائی کا پروانہ لے کر جناح
ہسپتال پہنچے ، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی کو رہا کیا گیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سب سے پہلے اپنے کارکنان سے ملنے جاوَں گا ، میرے 4 کارکنان جیل میں ہیں ان سے بھی ملاقات کروں ، دوسری جانب وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ کی رہائی حق اور سچ کی فتح ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغا م میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سند ھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، عدالت سے ضمانت پر رہائی انکی سرخروئی اور جھوٹوں کیلئے ہزیمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان اور رہائی پانے والے دوستوں کے اہل خانہ کو مبارک پیش کرتا ہوں۔