لاہور( این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب)لاہور نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صد رمریم نواز کی 26مارچ کو جلوس کی صورت میں پیشی پر آمدکی اطلاعات پر پولیس کے ساتھ رینجرز کی سکیورٹی لینے کا فیصلہ کیا ہے ،نیب نے مبینہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قانون کے مطابق نیب لاہور کو ریڈ زون ڈکلیئر کرنے کی درخواست
کابھی فیصلہ کیا ہے ۔ نیب ترجمان کے مطابقمیڈیا رپورٹس جن میں 26 مارچ کو مریم نواز کی نیب لاہور میں دو انکوائریوں میں پیشی کے موقع پر مبینہ طور پر نیب کے بعض ملزمان، سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور دیگر افراد کی طرف سے نیب لاہور کی عمارت پر چڑھائی کرنے ، پتھرائو کرنے اور نیب کے قانونی اور آئین کے مطابق سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مبینہ طور پر رکاوٹ پیدا کرنے اور نیب لاہور کی عمارت کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات کی بنیاد پر نیب لاہور نے قانون کے مطابق تمام آئینی اقدامات خصوصا نیب لاہور کی عمارت کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے لا ء انفورنسمنٹ کے اداروں پولیس اور رینجرز کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مبینہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نیب لاہور کو ریڈ زون ڈکلیئر کرنے کی متعلقہ حکام سے قانون کے مطابق درخواست کی جا رہی ہے ۔نیب ترجمان نے یہ واضح کیا ہے کہ وہ کسی دھمکی یا دبائو کی پرواہ کئے بغیر ہمیشہ آئین اور قانون کے مطابق ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے عوام کی اربوں روپے کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔ نیب انسداد بد عنوانی کا قومی ادارہ ہے جس کا تعلق کسی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد سے نہیں ہے بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے ۔