لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی، اے پی پی )لاہور سیالکوٹ موٹروے کیس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد فریحہ ادریس کی جانب سے دوبارہ خاتون کا موقف بتایا گیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب متاثرہ خاتون سے میری
آخری مرتبہ بات ہوئی تو ان کی ایک ہی خواہش تھی کہ دونوں مجرموں کو سزائے موت دی جائے،حالیہ فیصلے سے انہیں ریلیف ملے گا۔دوسری جانب لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ کیس میں سزا پانے والے مجرموں عابد ملہی اور شفقت بگا کے وکلا نے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کے لئے اپیل تیار کر لی ہے اور آئندہ ایک سے دو روز میں اسے ہائیکورٹ میں دائر کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کیس میں ملوث عابد ملہی اور شفقت بگا کو سزائے موت ، عمر قید ،جائیداد یں ضبط کرنے اور جرمانے کی سزائیںسنائی تھیں۔دریں اثنا وفاقی وزیر قانو ن وانصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہاہے کہ وفاقی وزارت قانون نے حکومت کی باگ دوڑ سنبھالتے ہی مقدمات کے جلد اور موثر انداز میں نمٹائے جانے کے لیے اعلی قانونی اصلاحات متعارف کروائیں ۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں وفاقی وزیر قانون نے کہاکہ لاہور کی انسد اد دہشتگردی کی عدالت کا موٹر وے کیس کے حوالے سے چھ ماہ کی مدت کے اندر آنے والا فیصلہ ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم مقدمات کے جلد اور موثر طور پر نمٹانے کے لیے عملی طور پر کاربند ہیں اور یہ صرف ایک شروعات ہے ۔