اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا معاملہ پرپیپلزپارٹی اور ن لیگ آمنے سامنے، اتحادی جماعتیں امتحان میں پڑگئیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اپوزیشن کی بڑی جماعت ہونے کے ناطے ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ حاصل کرنا چاہتی ہے،پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت ن لیگ نے اتحادی جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے۔ پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی میں ن لیگ کو قائد حزب اختلاف کا عہدہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا،پی ڈی ایم میں استعفوں کے معاملے پر تناؤ کے بعد پیپلزپارٹی یوسف رضاگیلانی کے نام پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے اعظم نذیر تارڑ کو قائد حزب اختلاف بنانے پر پیپلزپارٹی شدید ناراض ہیں ،اعظم نذیر تارڑ بینظیر بھٹو کیس کے پولیس ملزمان کے وکیل رہ چکے ہیں۔پی پی نے موقف اختیار کیا کہ جو شخص بی بی کے مبینہ قاتلوں کا سہولت کار ہو اس کی کیسے حمایت کرسکتے ہیں۔ پی پی ذرائع کے مطابق (ن )لیگ اعظم نذیر کے بجائے کسی دوسرے سینیٹر کو قائد حزب اختلاف نامزد کرے تو سوچ سکتے ہیں،پیپلزپارٹی نے اپنا قائد حزب اختلاف بنانے کیلئے اتحادی جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے،ن لیگ اعظم نذیر تارڑ کے نام پر ابھی تک بضد ہے۔