کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی صاحبزادی عائشہ حلیم نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے میرے والد کو گھوٹکی الیکشن کے پرانے کیس میں بھی گرفتار کروا دیاہے۔
حلیم عادل شیخ کو ایک اور کیس میں گرفتار کرنے پر ان کی بیٹی عائشہ حلیم نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پریشر پر سندھ پولیس نے میرے والد حلیم عادل شیخ کو گرفتار کیا ہے، نیب یا کرپشن کیسز پر گرفتار نہیں، بلکہ انہیں سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ والد کا صرف یہ قصور تھا کہ وہ ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے، انہیں عوام کی حقیقی ترجمانی کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔عائشہ حلیم نے کہا کہ سندھ حکومت نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے گھوٹکی الیکشن کے پرانے کیس میں بھی گرفتار کروا دیا۔ گھوٹکی الیکشن میں بلاول زرداری، مراد علی شاہ سمیت دیگر وزراء نے بھی الیکشن مہم چلائی تھی، باقیوں پر کیوں ایف آئی آر نہیں ہوئی؟۔عائشہ حلیم نے کہاکہ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ ہر صورت میں حلیم عادل شیخ بند رہیں تاکہ وہ کرپشن کرتی رہے۔ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ ان کی کرپشن کو بے نقاب کرنے والا کوئی نہ ہو۔