اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)وزیراعظم عمران خان کاکورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ڈاکٹر عامرلیاقت نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ میرے وزیراعظم ان شااللہ آپ جلد صحت یاب ہوں گے،آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ آپ کا
یہ عامر بھی کورونا سے نبردآزما ہوچکا، تب آپ نے اور بھابھی نے بہت دعا کی تھی اور آپ نے ہسپتال فون کر کے مجھ سے دیر تک بات کی تھی،پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ میں آپ کیلئے دعا کررہا ہوں،سب کررہے ہیں ۔دوسری جانبملک بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلائو میں شدت آگئی، 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 42 افراد چل بسے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید3 ہزار 876 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں،ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح نو اعشاریہ چار فیصد تک جا پہنچی۔ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 6لاکھ23ہزار135 ہوگئی، ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 27ہزار 188ہوگئی جبکہ صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 5لاکھ79ہزار760ہوگئی ہے۔
ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 13ہزار799ہوگئی، 24 گھنٹوں میں کورونا کے 40ہزار946ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔سندھ میں اب تک 2 لاکھ 62 ہزار 796، پنجاب میں1لاکھ 95 ہزار 87 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا میں 78 ہزار 653، بلوچستان میں 19 ہزار 306 ، اسلام آبادمیں 50 ہزار 843، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 967 کیسز رپورٹ ہوئے۔آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 11 ہزار 483 ہوگئی ہے۔