پشاور(آن لائن) سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے لئے وفاقی حکومت نے اے جی پی آر میں نیا ہیڈ قائم کردیا ہے اے جی پی آر میں ہیڈ تنخواہوں میں پچیس فیصد اضافہ کے معاملات کو دیکھیں گے۔آئندہ ماہ سے ملازمین کی پے سلپ میں 25فیصد 2021بھی لکھا جائے گا۔ گریڈ ایک سے گریڈ انیس تک وفاقی محکموں کے ملازمین کی
تنخواہوں میں پچیس فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے تاحال اضافہ نہیں کیاگیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم عمر ان خان نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے ملتوی ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اس کے حال پر چھوڑ دیا جائے وہ جو مرضی کرتے پھیریں ہمیں پرواہ نہیں۔ہمیں عوام اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کی فکر ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں اور وزارتوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانی ہوگی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سینئر وزراء کا ایک اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیرا عظم نے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے ملتوی ہونے اور اس کے قائدین کے درمیان اختلافات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو مرضی کرتے پھیریں مجھے اس کی پرواہ نہیں،پہلے بھی اپوزیشن کا دباؤ قبول کیا اور نہ ہی اب کروں گا ہمیں اپنی کارکردگی بہتر بنانی ہے،لانگ مارچ ہو بھی جاتا تو حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑنا تھا میں ان کے سامنے گھٹنے ٹیکنے والا نہیں ہوں،وزیر اعظم نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی ہمارے لئے ایک بڑا مسئلہ ہے اس حوالے سے متعلقہ اداروں اور وزارتوں کو کارکردگی دکھاناہوگی اور اب اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔متعلقہ وزراء بھی سن لیں کہ
وہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کو توجہ دیں،کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار ہیں لیکن ہمیں رمضان المبارک سے قبل اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں جو اضافہ ہو رہا ہے اس پر نظر رکھنا ہوگی،متعلقہ صوبائی حکومتیں بھی اس حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کریں،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کو بھی موثر عوامی قانون سازی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔