کراچی (این این آئی)کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کے مقدمے میں منظور پشتین اور محسن جاوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔پیرکوکراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت
میں اشتعال انگیز تقریر اور بغاوت کے مقدمے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، عدالت نے مقدمے میں ضمنی چالان منظور کرتے ہوئے منظور پشتین اور محسن جاوید کو مفرور قرار دیدیا ۔عدالت نے دونوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 9 مارچ تک پیش کرنے کا حکم بھی سنایا ۔پولیس چالان میں بتایا گیا ہے کہ مقدمے میں نامزد دیگر پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ، پولیس کارروائی میں جاوید، طاہر، ابراہیم، نعمت اور سرور کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔چالان میں پولیس نے کہاکہ ملزمان نے قومی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی،نازیبا زبان استعمال کرنے پر علی وزیر اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ سہراب گوٹھ تھانے میں درج ہے۔