اسلام آباد (این این آئی)پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 6 کا ترانہ ‘گروو میرا’ تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کو بھی متاثر نہ کر سکا۔ ایک انٹرویومیں فیصل جاوید نے کہا کہ نصیبو لال بہت بڑی گلوکارہ ہیں تاہم ان کی آواز میں گانے کا تھیم اچھا نہیں آیا
اور نہ کرکٹ کا جو ایک احساس ہوتا ہے وہ بھی محسوس نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے جو ملک کی ثقافت کو فروغ دیتا ہے۔فیصل جاوید نے کہا کہ اسپورٹس پر بننے والے گانوں میں جوش و جذبہ ہوتا ہے۔ نجم شیراز اور علی ظفر کھیلوں سے متعلق بہت کمال کے گانے بناتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے گانے میں زبان اپنی ہونی چاہئے کیونکہ کہ اس سے ہم اپنی ثقافت کو صحیح معنوں میں اجاگر کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس ضمن میں بہتر کام کر سکتا تھا۔