کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان بھر کی تمام ضلعی عدالتوں میں ہفتہ کے دن کی چھٹی ختم کر دی گئی۔بلوچستان ہائی کورٹ کے ایک اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل کی ہدایت کی روشنی میں بلوچستان بھر کی تمام ضلعی عدالتوں میں ہفتہ کے دن کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے
جبکہ نئے اوقات کار کے مطابق عدالتیں پیر تا جمعرات اور ہفتہ صبح 8 بجے سے سہہ پہر تین بجے تک اور جمعہ کو صبح 8 بجے تا دوپہر ایک بجے تک فرائض انجام دیتی رہیں گی نئے اوقات کار یکم مارچ 2021سے نافذ العمل ہونگے۔دوسری جانب احتساب عدالت نے صاف پانی ضمنی ریفرنس میں شہباز شریف کے داماد اور بیٹی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا، عدالت کے حکم پر دونوں ملزمان کی طلبی کے اشتہارات آویزاں کر دیئے گئے۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے صاف پانی کمپنی ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پولیس کے سب انسپکٹر نے رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ رابعہ عمران اور عمران علی یوسف کے اشتہارات آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت کے باہر بھی شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کو اشتہاری قرار دینے کے اشتہار آویزاں کر دیئے گئے۔ عدالت میں پیش نہ ہونے پر رابعہ عمران اور عمران علی یوسف کے اشتہاری ہونے کی کاروائی کا آغاز کیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کے پیش نہ ہونے کو دانستہ غیر حاضری تصور کیا جائے گا، عدم حاضری پر منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے گی۔ عدالت نے رپورٹ کو قانون کے مطابق اور تسلی بخش قرار دیا۔