اسلام آباد( آن لائن)سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہاہے کہ پیسے نہیں تعلقات کی بنیاد پر الیکشن لڑتے ہیں ،لوگ ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے،ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتا۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے الیکشن کمیشن میں
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ جب میں وزیراعظم کا امیدوار تھا تواپوزیشن کو 42 ووٹ ملے تھے ،42 ووٹ کے باوجودمیں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلا ،میں نے اپوزیشن سے ووٹ آف کنفیڈنس مانگاجو ملا،متفقہ وزیراعظم نامزدہواتھااپوزیشن نے بھی ووٹ دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ملک کو 73 کاآئین دیا،قانون کی حکمرانی اورآئینی حقوق پریقین رکھتے ہیں، آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرینگے توکوئی تصادم نہیں ہوگا،پی ڈی ایم کے فیصلے ایک دوسرے کی رائے کے ساتھ ہوتے ہیں ،سابق وزیراعظم نے کہاکہ رات پارٹی کی طرف سے کہاگیا آپ نے درخواست دینی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین میرے عزیز ہیں ان سے متعلق کوئی بات نہیں کی ،میرا مخالف امیدوارکون ہے معلوم نہیں ، شیری رحمان پلوشہ خان خیرالنسامغل کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں جب کہ اسلام آباد سے خواتین کے لئے امیدوار مسلم لیگ (ن ) کی جانب سے ہو گی ۔