کراچی (این این آئی) سندھ پولیس کے اہلکاروں و دیگر نے اسکیل ا پ گریڈ نہ کرنے کیخلاف اسلام آباد میں وفاقی حکومت کے ملازمین کی طرز پر احتجاج کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپاہی، ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی پولیس اسٹاف کا احتجاج کے حوالے سے اتفاق اور رابطے تیز کردیئے گئے ہیں جبکہ احتجاج میں وفاقی
ملازمین کے طرز پر احتجاجی حکمت عملی اپنانے کا قوی امکان ہے، مشترکہ حکمت عملی کے تحت وی آئی پی ڈیوٹی کابائیکاٹ اور دیگر آپشنز پر غور ہیں۔واضح رہے کہ دیگر تمام صوبوں کی طرح سندھ پولیس لوئر اسٹاف کے اسکیل اپ گریڈ نہ ہونے پر احساس محرومی پایا جاتا ہے جس بنا پر عدم اعتماد کی فضا ہے اور غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس کے اہلکار احتجاج سے قبل اسلام آباد میں وفاقی ملازمین کے احتجاج کے نتیجے کا انتظار کررہے ہیں اور اسلام آباد احتجاج کا حتمی فیصلہ ہونے کے بعد سندھ پولیس کا احتجاج شروع ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ملازمین کیاحتجا ج کے اطلاعات پر اعلی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے وی آئی پی ڈیوٹی چھوڑنے اور ڈیوٹی کے بائیکاٹ سے شہر میں نقص امن کا خدشہ ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج کے معاملے پر حکومت اور سرکاری ملازمین کے مذاکرات کامیاب ہو گئے جبکہ تمام گرفتار سرکاری ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔مذاکرات میں وزیر دفاع پرویز خٹک،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مملکت علی محمد خان شریک تھے۔سرکاری ملازمین کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں فیصلہ ہوا ہے کہ بجٹ
تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد عبوری اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے سروس سٹرکچر کے بارے میں بھی نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ ملازمین کے رہنما چوہدری سرفراز نے کہا کہ سرکاری ملازمین نوٹیفکیشن جاری ہونے تک دھرنا جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں تمام گرفتار
سرکاری ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں دن بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں، پولیس نے شیلنگ کی اور لاٹھیاں برسائیں، سڑکیں دھواں دھواں ہو گئیں، شیلنگ سے کئی افراد بے ہوش ہو گئے اور اس دوران مظاہرین پتھرا ؤ کرتے رہے۔