لاہور، اسلام آباد (آن لائن، این این آئی) پنجاب حکومت نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ہونے والے سرکاری ملازمین کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنے والے پنجاب حکومت کے محکمہ جات کے ملازمین کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں حکومت
نے صوبائی محکمہ جات کے سربراہان کو ملازمین کی حاضریاں چیک کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور جو ملازمین گزشتہ منگل اور بدھ کے روز دفاتر سے غیر حاضر پائے گئے ان کی فہرستیں بھی طلب کرلی ہیں اور ان کے خلاف محکمانہ تادیبی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب اسلام آباد میں سرکاری ملازمین کے احتجاج کے معاملے پر حکومت اور سرکاری ملازمین کے مذاکرات کامیاب ہو گئے جبکہ تمام گرفتار سرکاری ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔مذاکرات میں وزیر دفاع پرویز خٹک ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مملکت علی محمد خان شریک تھے ۔سرکاری ملازمین کے نمائندوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں فیصلہ ہوا ہے کہ بجٹ تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد عبوری اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے سروس سٹرکچر کے بارے میں بھی نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ ملازمین کے رہنما چوہدری سرفراز نے کہا کہ سرکاری ملازمین نوٹیفکیشن جاری ہونے تک دھرنا جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مذاکرات میں تمام گرفتار سرکاری ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔