اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر خوراک وزراعت سید فخر امام نے اپنی بیٹی سیدہ صغری امام کو سینیٹر بنوانے کیلئے لابنگ شروع کردی ہے اور عمران خان کو رام کرنے کے لئے کوششیں تیز کر رکھی ہیں۔لابنگ میں فخر امام کی مدد انکی بیگم سیدہ عابدہ حسین بھی کر رہی ہیں
کیونکہ بیگم عابدہ حسین ماضی میں اہم سیاسی کھلاڑی رہ چکی ہیں،تاہم اب وہ عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر چکی ہیں۔سیدہ صغری امام امریکہ کی نامور یونیورسٹی سے پڑھی ہوئی ہیں اور پیپلزپارٹی کے دور میں بھی وہ سینیٹ کی ممبر رہ چکی ہیں اور ان کی خدمات سینیٹ میں یاد رکھی جائیں گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ صغری امام کو سینیٹر بنانے کے لئے فخر امام اور عابدہ حسین پی ٹی آئی کے اہم سیاسی رہنماؤں سے رابطہ بھی کر رہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان نے صغری امام کو اپنی پارٹی میں لینے پر رضا مندی ظاہر نہیں کی ہے۔عمران خان کو اپنے قریبی رفقاء نے اس بات پر راضی کرلیا ہے کہ جھنگ کا سید خاندان ہر حکمران کا غلام رہ چکا ہے اور اس خاندان نے ہر حکمران کی کابینہ میں وزارتیں حاصل کی ہیں،مشرف دور میں صغری امام صوبائی وزیر،ضلع کونسل جھنگ کی چیئرمین،پیپلزپارٹی دور میں سینیٹر جبکہ عابدہ حسین ن لیگ میں وزیر جبکہ فخر امام بھی ہر حکومت میں وزارت کے مزے لے چکے ہیں۔عمران خان نے ان حقائق کے پیش نظر فخرامام کی تمام لابی کی امیدیں خاک میں ملا دی ہیں،بالخصوص شاہ محمود قریشی نے صغری امام کی سینیٹر بننے کی شدید مخالفت کی تھی۔اس حوالے سے فخر امام نے مؤقف نہیں دیا