اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سرکاری زمینیں واگزار کرانے کے لئے اینٹی کرپشن کی تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، فیصل آباد میں ایک اور اہم لیگی رہنما سے ایک ارب سے زائد مالیت کی سرکاری زمین چھڑا لی گئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق رات گئے اسسٹنٹ کمشنر
ایوب بخاری کی سربراہی میں ایم سی گرلز اسکول اور میونسپل کارپوریشن کی زمینوں پر ناجائز قبضے کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا، ان سرکاری زمینوں پر لیگی رہنما عابد شیر علی کے خاندان نے گذشتہ تیس سال سے قبضہ کررکھا تھا۔نجی ٹی وی اے آر وائی کے مطابق سیاسی افراد کی جانب سے گرلز اسکول کی اراضی پر قبضہ کرکے یہاں پلازہ تعمیرکیا گیا تھا، پلازہ کے اطراف کی جگہ پر دس سےزائد دکانیں بھی بنائی گئی تھیں، میونسپل کارپوریشن کے عملے نے پولیس نفری کی موجودگی میں تجاوزات گرائیں، سرکاری زمینیں واگزار کرانے کے لئے آپریشن رات بھرجاری رہا،اس دوران غیرقانونی تعمیر پلازہ اور دکانوں کو مسمار کیا گیا۔آپریشن کے دوران عملے کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔