اسلام آباد(آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں منظر عام پر آنے والے ویڈیو اسکینڈل پر رد عمل میں کہا ہے کہ ویڈیو سے ثابت ہوتا ہے سیاست دان سینیٹ کے لیے ووٹ کی خرید و فروخت کرتے ہیں ۔سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے
ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے قوم کی اخلاقیات کو تباہ کیا، اور ملک کو قرضوں کے دلدل میں دھکیل دیا، کرپشن اور منی لانڈرنگ ہماری سیاسی اشرافیہ کی افسوس ناک کہانی ہے۔انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا سیاست دان پیسہ خرچ کر کے اقتدار حاصل کرتے ہیں، پھر اقتدار میں آ کر اپنی حیثیت سے لوگوں کو خریدتے ہیں، بیوروکریٹ، میڈیا اور فیصلہ سازوں کو خریدا جاتا ہے، اس ساری خرید و فروخت کا مقصد قومی دولت لوٹنا اور غیر ملکی اثاثے بنانا ہے۔ وزیر اعظم نے لکھا کہ پی ڈی ایم کا مقصد اسی کرپٹ سسٹم کو دوام دینا ہے، لیکن ہم ملک کی جڑوں کو کمزور کرنے والی کرپشن اور منی لانڈرنگ کو ختم کر کے دم لیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ انتخابات میں ارکان اسمبلی کو خریدنے سے متعلق تہلکہ خیز ویڈیو سامنے آئی ہے، سال 2018 کے سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی ارکان کو بلا کر نوٹوں کے انبار لگا کر خریدا گیا تھا۔