اسلام آباد(آن لائن)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2020ء کے میٹرک ، ایف اے/ایف ایس سی، نان کریڈٹ کورسز اور اے ٹی ٹی سی پروگرامز کے فائنل امتحانات یکم مارچ سے پورے ملک میں ایک ساتھ شروع ہونگے اور 12۔اپریل تک جاری رہیں گے ۔ طلبہ کو رول نمبر سلپس
بذریعہ ڈاک ارسال کی جارہی ہیں۔ڈیٹ شیٹ اور رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پربھی دستیاب ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرضیاء القیوم کی خصوصی ہدایت پر طلبہ و طالبات کو قریب ترین مقامات پر امتحانات میں شرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لئے ملک بھر میںیونین کونسل سطح پرامتحانی مراکز قائم کردئیے گئے ہیں۔کنٹرولر امتحانات، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان کے مطابق وائس چانسلر کی واضح ہدایات پر امتحانی مراکز میں طلبہ اور امتحانی عملے کے لئے ماسک پہننے کو لازم قرار دیا گیا ہے ۔امتحانات کے نظام کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے امتحانی مراکز میں سخت نگرانی کا نظام نافذکیا جائے گا، اس ضمن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔کنٹرولر امتحانات کے مطابق ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کی گئی رول نمبر سلپ بھی امتحان میں شرکت کے لئے قابل قبول ہونگی۔علاوہ ازیں یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2021ء کے پہلے مرحلے کے داخلے جاری ہیں۔ پیش کئے گئے تعلیمی پروگرامز کی تفصیلات ، تمام پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔