اسلام آباد(آن لائن/مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شکایت موصول ہوئی تھیں کے کرونا ویکسین کراچی میں ہیلتھ کیئر ورکرز کے علاوہ جان پہچان والوں کو لگائی جا رہی ہیں اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے این سی او سی کی ٹیم کی فیصل سلطان کی سربراہی میں سندھ حکومت کے نمائندوں سے
میٹنگ میں سختی سے صرف ہیلتھ ورکرز کی ویکسینیشن کی تاکید کی گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی میں ہیلتھ ورکرز کے علاوہ جان پہچان والوں کوبھی کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں وی وی آئی پیز کو کورونا ویکسین لگانا غلط ہے۔قبل ازیں سابق گورنر سندھ محمد زبیر کی فیملی کو کورونا ویکسین لگادی گئی جب کہ ضوابط کی خلاف ورزی پر ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر انیلہ قریشی کو معطل کر دیا گیا۔سابق گورنر سندھ و ترجمان نواز شریف محمد زبیر کے اہل خانہ کو ضوابط کے برخلاف کورونا ویکسین لگائے جانے پر سندھ حکومت نے ایکشن لے لیا۔سوشل میڈیا پر ویکسین لگوانے کی تصاویر سامنے آنے پر سندھ حکومت نے فوری طور پر ڈی ڈی ہیلتھ شرقی ڈاکٹر انیلہ قریشی کو ایس او پی کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا۔ڈاکٹر انیلہ قریشی کو محکمہ صحت رپورٹ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے ۔