لاہور (پ ر )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بیرسٹرخالدخو رشیدنے آج وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے یوم یکجہتی کشمیر پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور
معصوم لوگوں پر بھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی موجودگی میں پنجاب حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین اظفر منظور اور گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے سیکرٹری عثمان احمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان حکومت کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم ڈویلپ کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ویب پورٹل کی تیاری میں تعاون کرے گا۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے لئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم بھی تیار کرے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گلگت بلتستان حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے بڑھ کر تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گلگت بلتستان کے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو پنجاب کے نرسنگ کالجوں میں تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ گلگت بلتستان کے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو پنجاب میں تربیت فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کے کوٹے کے معاملے پر ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں کوٹے کے مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔ گلگت بلتستان میں بسنے والے عوام ہمارے بہن بھائی ہیں اور پنجاب حکومت گلگت بلتستان کے مختلف شعبوں میں ترقی کیلئے ہر ممکن تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور کشمیر کے عوام کے انمٹ رشتے کو جدا نہیں کر سکتی۔ کشمیر کل بھی ہمارا تھا، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے اپنے ہاتھ معصوم کشمیر کے قیمتی لہو سے رنگے ہوئے ہیں۔کشمیر کا بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے۔ بیرسٹر خالد خورشید نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی ”شانٹی“ پہنائی اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پولو میچ دیکھنے کی بھی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں انشاء اللہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کروں گا۔ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے جو کچھ ممکن ہوا، کریں گے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے تعاون سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملے گا۔گلگت بلتستان کے عوام کیلئے تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کے گراں قدر تعاون پر شکرگزار ہیں۔بیرسٹر خالد خورشید نے کہا کہ بھارت کی شرانگیزیاں پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔ مودی سرکار اندرونی خلفشار کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا ساتھ دیا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پوری قوم کشمیر کاز کیلئے متحد ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کو زیتون کی بنی قبائلی علاقے کی روایتی چھڑی کا تحفہ دیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔