اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے شدید احتجاج اور شور شرابہ کے باوجود چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی بل دوہزار بیس کثرت رائے سے منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن اراکین نے جاگو جاگو اسپیکر جاگو کے نعرے لگاتے ہوئے بلز کی کاپیاں پھاڑ کر اسپیکر کی طرف پھینک دیں ۔ پیر کو قومی اسمبلی
اجلاس میں آرڈیننس پیش کرنے کے دوران اپوزیشن نے احتجاج اور شور شرابہ کرتے ہوئے اپنی نشستوں سے اٹھ کر کھڑے ہوگئے تاہم شدید احتجاج اور شور شرابے کے باوجود مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ آرڈیننس 2020 پیش کیا اس دور ان انسداد زنا بالجبر تفتیش و سماعت کا آرڈیننس بھی پیش کئے گئے ،قومی اسمبلی نے چین پاکستان اقتصادی راہداری اتھارٹی بل دوہزار بیس کثرت رائے سے پاس کرلیا۔اپوزیشن کی شدید نعرے بازی کے باوجود قومی اسمبلی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی ترمیمی بل 2020 کثرت رائے سے منظور کرلیا، اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی نے پاکستان سنگل ونڈو کے قیام کا بل منظور کرلیا،بل پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ زین قریشی نے پیش کیا۔اس دور ان اپوزیشن کی جانب سے چینی چور آٹا چور ،جاگو جاگو سپیکر جاگو ،ووٹ کو عزت دو ، شرم کرو حیا کرو سپیکر کو رہا کرو کے نعرے لگائے گئے ،اپوزیشن ارکان نے بلز کی کاپیاں پھاڑ کر اسپیکر کی طرف پھینک دیں دریں اثناء پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ قبضہ مافیا کے خلاف پھٹ پڑیں اور کہاکہ مسلم لیگ ن قبضہ مافیا کے پیچھے کھڑی ہے اور کہاکہ غیر منتخب خاتون کے بارے جو کہا گیا وہ نازیبا تھا۔ انہوںنے کہاکہ چند روز قبل ایک خاتون نے پارلیمنٹ آ کر اسے یرغمال بنایا یوا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ان کے سارے کرتوت عوام کے سامنے لائیں گے۔انہوں نے کہاہک لاہور میں ان کے کئی چھوٹے چھوٹے نواز شریف گھوم رہے ہیں۔عالیہ حمزہ کے اظہار خیال کے دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا جس کے بعد سپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کو 4 بجے تک ملتوی کر دیا۔