اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک /آئن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ایک بار پھر تیندوے کی تصاویر سامنے آگئیں۔اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے کیمروں نے نایاب نسل کے مادہ تیندوے کی عکس بندی کردی۔نجی ٹی وی ہم کے مطابق شہزادی نامی مادہ تیندوہ کو
ٹریل 4 اور 6 کے درمیان گزشتہ 5 دنوں میں تین بار دیکھا گیا۔اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق 28 جنوری کو شہزادی نامی تیندوے کو صبح 6 بجکر 23 منٹ پر دیکھا گیا۔ 29 جنوری کو شہزادی نامی تیندوے کو رات 8 بجکر 27 منٹ پر دیکھا گیا۔اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق 31 جنوری کو صبح 5 بجکر 37 منٹ پر بھی تیندوے کو دیکھا گیا۔دوسری جانب اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ راعنا سعید خان نے شہریوں کو ٹریل 4 اور 6 پر محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل لاک ڈاؤن کے دوران ایک اور نایاب نسل کے تیندوے کی تصویر سامنے آگئی ہے جسے 5 مئی 2020کی صبح 5 بجے مارگلہ ہلز نیشنل پارک ٹریل فائیو پر دیکھا گیا۔محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق تیندوا ڈبلیو ڈبلیو ایف کے کیمرے پر نظر آیا۔ خطرناک نسل کاتیندوا ٹریل فائیو پارکنگ سے صرف 500 میٹر دور تک آ پہنچا تھا۔تیندوے کی تصویر محکمہ وائلڈ لائف کے بجائے ورلڈ وائلڈ لائف فاؤنڈیشن نے جاری کی۔محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں بعد ہم کیمروں کو چیک کر کے تصاویر جاری کریں گے۔