اسلا م آباد (آن لائن) پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نواز کے بعد مسلم کانفرنس کو بھی آزادجموں و کشمیر میں شدید دھچکہ ،آزاد جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما دیوان چغتائی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔مظفرآباد سے پیپلزپارٹی کی کلیدی شخصیت چودھری رشید بھی کپتان کے قافلے کا حصہ بن گئے ،دونوں رہنماؤں کی اسلام آباد میں چیف آرگنائزر
تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی سے ملاقات کی ۔تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری سمیت دیگر گورننگ باڈی اراکین بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔اس سے قبل ہجیرہ سے مسلم لیگ نواز کے مرکزی نائب صدر سردار ارزش تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں ۔سدھنوتی سے پیپلزپارٹی کے سابق وزیر سردار اختر ربانی کے صاحبزادے سردار فہیم اختر ربانی بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں۔چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے دیوان چغتائی اور چودھری رشید کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض سے قدآور سیاسی شخصیات تیزی سے تحریک انصاف کا رخ کررہی ہیں۔ انہوں کہا کرپشن، مفاد اور فتنہ گری کی سیاست کرنے والوں کو کہیں جائے پناہ میسر نہیں ائے گی، سیف اللہ خان نیازی نے کہا وزیراعظم عمران خان کی شکل میں اہلِ کشمیر کو ایک متحرک سفیر اور بیمثال قائد میسر ہے۔ انہو ں نے کہا عالمی فورمز پر وزیراعظم عمران خان کی تقاریر سے اہلِ کشمیر کے حق خودارادیت کی تحریک کو نئی اٹھان میسر آئی ہے، آئندہ انتخابات میں آزادجموں و کشمیر میں واضح اکثریت سے مستحکم حکومت قائم کریں گے۔