ملتان (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)ملتان میں دو روز قبل مبینہ طور پر خود سوزی کرنے والے ڈاکٹر سلیم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر سلیم کی موت دم گھٹنے اور جلنے سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملتان کے علاقہ گلشن سخی سلطان کالونی میں جمعہ کی رات گھر سے ایک شخص کی جلی ہوئی لاش برآمد کی گئی تھی جس کی شناخت ڈاکٹر سلیم محب کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ڈاکٹر سلیم محب سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد نجی میڈیکل کالج میں پڑھا رہے تھے، جمعہ کے روز وہ گھر پر اکیلے تھے۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈاکٹر سلیم محب نے خود سوزی کی ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی اس بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ ڈاکٹر سلیم کی موت دم گھٹنے اور جلنے سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب بیوہ کے مطابق شوہرحال ہی کورونا وائرس سے صحت یاب ہوکر گھر لوٹے تھے، ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔واضح رہے کہ ڈاکٹر سلیم 22 جنوری کو ملتان میں اپنی بیٹی کو قتل کر کے خودکشی کرنے والے ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر حسین کے بھائی تھے۔دونوں بھائیوں کی پراسرار موت پر ملتان شہر میں چہ میگوئیاں جاری ہیں ۔