ملتان(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان میں چند روز قبل بیٹی کو قتل کر کے خودکشی کرنے والے ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر حسین کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر سلیم گھر کے کچن میں آگ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ایس ایس پی آپریشن ذیشان حیدر
کے مطابق سخی سلطان میں گھر کے کچن میں مبینہ طور پر آگ لگنے سے ڈاکٹر سلیم جاں بحق ہوئے، ڈاکٹر سلیم کی موت حادثاتی ہے یا قتل کرکے آگ لگائی گئی اس معاملے پر ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر سلیم کے بھائی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سلیم گھر میں اکیلے تھے گھر میں دھماکے کی آواز سن کر اہل علاقہ نے ریسکیو کو اطلاع دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر سلیم محب کورونا کا شکار رہے جو اب آئیسولیشن سے باہر نکلا تھا ۔تاہم گذشتہ روز گھر سے ان کی لاش ملی ۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر سلیم کے دو گھر تھے۔ ڈاکٹر سلیم محب شام کو سخی سلطان کالونی والے گھر میں پہنچا تھا، جہاں سے اس کی لاش ملی ہے ۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پے در پے ایک ہی خاندان کے افراد کی موت کہیں خاندانی دشمنی کا نتیجہ تو نہیں ۔ ڈاکٹر سلیم کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی ہیں۔