ملتان(این این آئی) ملتان میں چند روز قبل بیٹی کو قتل کر کے خودکشی کرنے والے ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر حسین کے چھوٹے بھائی ڈاکٹر سلیم گھر کے کچن میں آگ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔ایس ایس پی آپریشن ذیشان حیدر کے مطابق سخی سلطان میں گھر کے کچن میں مبینہ طور پر
آگ لگنے سے ڈاکٹر سلیم جاں بحق ہوئے، ڈاکٹر سلیم کی موت حادثاتی ہے یا قتل کرکے آگ لگائی گئی اس معاملے پر ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ڈاکٹر سلیم کے بھائی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سلیم گھر میں اکیلے تھے گھر میں دھماکے کی آواز سن کر اہل علاقہ نے ریسکیو کو اطلاع دی۔یاد رہے گزشتہ ہفتے باپ نے اپنی اکلوتی بیٹی کو مارنے کے بعد اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا تھا، ماہر نفسیات نے بیٹی کو فائرنگ کرکے مار دیا پھر خود کو گولی مارلی۔پولیس کے مطابق جسٹس حمید کالونی میں گھریلو جھگڑے پر ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر حسین نے اپنی بیٹی ڈاکٹر علیزہ حیدر کو گولی مار کر مار دیا اس کے بعد انہوں نے خود کو گولی مار کر اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔واقعے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے جبکہ باپ بیٹی کے جسد خاکی کو قانونی کارروائی کیلئے نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ماری جانے والی ڈاکٹر علیزہ حیدر تین بچوں کی ماں تھی۔