پشاور(این این آئی) خیبر پختون خوا کے سرد علاقوں کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کردی گئی۔صوبائی حکومت نے صوبے کے سرد ترین علاقوں کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں 15 فروری تک توسیع کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے
اس سے قبل محکمہ تعلیم نے ان علاقوں میں یہ تعطیلات 31 جنوری تک کی تھیں جس میں اب مزید توسیع کردی ہے۔دوسری جانب وزارت تعلیم کے مطابق نیا تعلیمی سال 2 اگست سے شروع ہو گا، موسم گرما کی چھٹیوں کا دورانیہ کم کر کے ایک ماہ کر دیا گیا ہے جو کہ 2 سے 31 جولائی تک ہوں گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات 18 سے 31 مئی تک ہوں گے۔ پہلی سے چوتھی اور چھٹی اور ساتویں کے امتحانات ادارے یکم سے 15 جون تک لیں گے۔وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق پانچویں اور آٹھویں کے مرکزی امتحانات کے نتائج کا اعلان 30جون کو ہوگا جب کہ پہلی سے چوتھی اور ساتویں آٹھویں کے امتحانات کے نتائج کا اعلان یکم جولائی کو کیا جائے گا۔وفاقی وزیرتعلیم نے 15 جنوری 2021 کو اعلان کیا تھا کہ پورے ملک میں تعلیمی ادارے18 جنوری سے مرحلہ وار کھولے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ نویں، دسویں، گیارویں اور12 ویں جماعتوں کا تعلیمی سلسلہ 18 جنوری کو شروع ہوجائے گا۔