لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ یہ پہلی حکومت جس کے لوگ آدھی مدت پوری ہونے کے بعد اس سے الگ ہونا شروع ہو گئے ہیں،نیب دوسروں کااحتساب کرتی ہے لیکن براڈ شیٹ کو عجلت میں جو کروڑوں روپے دئیے گئے اس کا
حساب کون لے گا؟،جسٹس عظمت سعید کو براڈ شیٹ کے معاملے میں نہیں الجھنا چاہیے،سب سے بڑی قبضہ مافیا جماعت تحریک انصاف ہے۔پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نجی یونیورسٹی کے طلبہ کے ساتھ نرمی کا مظاہرہ کیا جائے، طلبہ پر ریاستی تشدد بند کیا جائے، گرفتاریاں بند کی جائیں اور اس معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے،دولت اور طاقت سے مسائل کو حل نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی حکومت ہے جس کی آدھی مدت پوری ہوئی ہے اور لوگ اس سے الگ ہونا شروع ہوگئے ہیں،پی ٹی آئی کوئی جماعت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کو بہت عجلت میںادائیگی کی گئی ہے،نیب جو دوسروں کا احتساب کرتی ہے ، قوم کے کروڑوں روپے کی جو ادائیگی کی گئی ہے اس کا ذمہ دار کون ہے اور اس کا حساب کون لے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ بہت بری ہے۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کی رپورٹ جھوٹ کا پلندہ ہے،سب سے بڑا قبضہ مافیا تحریک انصاف ہے۔