لاہور (پ ر )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی کاشف محمود نے ملاقات کی۔ ایم پی اے کاشف محمود نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خیریت دریافت کی اور انہیں کورونا سے صحت یابی پر مبارکباد دی۔ کاشف محمود نے
وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نیک تمناؤں کے اظہار پر کاشف محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے آپ کے لئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔نیک نیتی کے ساتھ عوامی خدمت کی ہے اورکرتے رہیں گے۔ تنقید برائے تنقید کے باوجود ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا ہے اور پہلی بار منتخب نمائندوں کی مشاورت سے مقامی سطح پر ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہرشہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیاگیا ہے۔ بہاولنگر کیلئے بھی خصوصی پیکیج دیا جائے گا اور میں خود جلد بہاولنگر کا دورہ کروں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان میں افراتفری کی نہیں بلکہ ترقی کی سیاست ہوگی۔ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنیوالے عناصر تنہا ہوچکے ہیں اور عوام میں ایسے لوگوں کی ساکھ ختم ہوچکی ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی کاشف محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نفیس طبع شخصیت کے مالک ہیں،مل کر خوشی ہوئی۔