لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں موبائل سروس سگنلز نہ آنے کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور موبائل کمپنیوں سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے جوڈیشل ایکٹوازم
پینل کی درخواست پر سماعت کی ۔ چیف جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دئیے کہ موبائل سگنلز نہ آنے کا معاملہ واقعی سنجیدہ ہے، میرے گھر میں بھی بعض اوقات موبائل سگنلز نہیں آتے۔ درخواست گززار نے موقف اپنایا کہ پی ٹی اے نے موبائل فون کمپنیوں کو سگنلز کوالٹی بہتر کرنے کا حکم دینے کی بجائے ٹال دیا، پی ٹی اے نے کہا کہ کسی دوسری موبائل کمپنی سے سروس حاصل کرلیں،ہسپتالوں سمیت دیگر پبلک مقامات پر موبائل فون کے سگنلز نہیں آتے، موبائل فون کمپنیاں صارفین سے بہت بڑی رقوم اکٹھی کرتی ہیں لیکن صارفین کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہیں،متعدد مقامات پر موبائل فون کمپنیوں کے ناقص سروس سے سگنلز موصول نہیں ہوتے۔ استدعا ہے کہ عدالت موبائل فون کمپنیوں کو جدید آلات استعمال کرنے کا حکم دے اورموبائل فون کمپنیوں کو صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا جائے۔