لاہور( این این آئی)پاکستان ریلوے نے این آئی ٹی بی کی معاونت سے 55گھنٹے بعد آن لائن ریزرویشن بحال کر دی ، سوفٹ ویئر کی مدد سے بکنگ ڈیٹا بھی ریکور کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے ،مین سرور میں پیدا ہونے والا نقص تاحال
تلاش نہ کیا جا سکا ،وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے پرائیویٹ سیکٹر کے ماہرین سے تحقیقات کا حکم دیدیا جوایک ہفتے میں ڈیٹا سرور میں خرابی کی فرانزک کے بعد رپورٹ پیش کریں گے ۔ بتایاگیا ہے کہ اس معاملے کی محکمانہ تحقیقات بھی ہوں گی اوگر یڈ بیس کے دو افسراس کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں گے جس پر ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ۔ گزشتہ روز بھی سسٹم کی بحالی سے قبل ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی قطاریں لگی رہیں اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔یاد رہے کہ منگل کے روز مین سرور میں خرابی پیدا ہونے کے بعد ریلوے کا ریزرویشن سسٹم بیٹھ گیا تھا جس کی وجہ سے ملک بھر میں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔