اسلام آباد ( آن لائن)تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں راجہ ریاض نے جہانگیر ترین کی حمایت میں بات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں سینیٹ انتخابات چنائو کے لیے کمیٹی میں جہانگیر ترین کو کمیٹی کا چیئرمین بنایا جائے،کمیٹی میں چوہدری سرور ،
شاہ محمود قریشی ، عامر کیانی ، اعجاز چوہدری کو بھی شامل کیا جائے،انکا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،وہ پارٹی کے سینئر ترین رکن ہیں کمیٹی میں ان کی موجودگی سے پارٹی کو فائدہ ہوگا ،انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد حکومت بنانے میں جہانگیر ترین نے اہم کردار ادا کیا ہے ان کی خدمات کو فراموش نہیںکیا جا سکتا ،سینیٹ الیکشن بھی ایک اہم مرحلہ ہے اور اس کے لئے جہانگیر ترین کی خدمات حاصل کر کے اچھے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں تاہم اجلاس میں راجہ ریاض کی اس تجویز پر کسی رہنما نے حمایت کی ہے نہ ہی اس حوالے سے بات چیت کو آگے بڑھایا جبکہ وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر تمام پارٹی ر ہنمائوں نے خاموشی کے ساتھ راجہ ریاض کی تجویز کو سننے کے بعد دیگر ایشو پر بات چیت شروع کر دی۔