دالبندین / چاغی ( این این آئی)سعودی گورنر تبوک تلور کا شکار کھیلنے کی غرض سے بہت جلد دالبندین پہنچیں گے تمام ترتیاریاں مکمل۔تفصیلات کے مطابق برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے گورنر تبوک اور شاہی مہمان پرنس فہد بن سلطان بن عبدالعزیز تلور کا شکار کھیلنے کی
غرض سے بہت جلد دالبندین پہنچیں گے۔ان کی آمد سے قبل دالبندین کے قریب ریگستانی علاقے بارتاگزی کے مقام پر خیمہ بستی آباد کردی گئی ہے جہاں پر رات کے وقت صحرائی ریگستانی علاقے میں روشنیوں کا شہر جیساسا سما نظر آتا ہے۔سعودی شاہی مہمان کااستقبال وزیر اعلی سمیت صوبائی وزراء اعلی سرکاری آفیسران اور قبائلی معتبرین کرینگے جبکہ ان کی شکار گاہ اور آس پاس کے علاقے میں سیکورٹی فورسز جن میں ایف سی،بلوچستان کانسٹیبلری،پولیس،اے ٹی ایف،لیویز فورس کے خصوصی دستے بھی تعینات کردئیے گئے ہیں ڈپٹی کمشنر چاغی آغا شیر زمان کے مطابق سعودی شاہی مہمان کی دالبندین آمد کی تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں وہ اپنے خصوصی طیارے کے ہمراہ دالبندین ائیرپورٹ پر پہنچنے کے بعد اپنی شکار گاہ کی طرف روانہ ہوں گے جبکہ ان کے مشیر و نمائیندہ خاص شیخ محمد آحمد اور دیگر حکام دالبندین پہنچ چکے ہیں۔ سعودی گورنر تبوک تین ہفتوں تک دالبندین و گردونواح کی ریگستانی علاقوں میں تلور کا شکار کھیلیں گے۔