اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پشاور کے نوجوان ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کی بہترین مثال قائم کردی،میڈیا رپورٹس کے مطابق جمیل احسان نامی ڈرائیور نے گاڑی میں رہ جانے والے 5 ہزار پائونڈ اور دیگر سامان مسافر تک پہنچا دیا۔ٹیکسی ڈرائیور جمیل احسان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی
کرنسی کے ساتھ 40 ہزار روپے، پاسپورٹ، ویزہ اور ٹکٹ بھی رہ گئے تھے۔ پاسپورٹ سے پتہ معلوم کر کے مسافر کے گھر نقدی اور دیگر سامان پہنچادیا۔مسافر منہاج علی نے ٹیکسی ڈرائیور کی ایمانداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں ایمانداری پر ڈرائیور جمیل احسان کا شکر گزار ہوں۔ ہزاروں پائونڈز اور روپے گم ہونے پر شدید پریشانی میں مبتلا تھا۔واضح رہے کہ پاکستانی ملک میں ہوں یا بیرون ملک اپنی ایمانداری کی مثال قائم کرہی دیتے ہیں، 2019میں دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے مسافر کو اس کے ہزاروں ڈالر واپس دے کر سب کے دل جیت لئے تھے،اس ایمانداری پر دبئی پولیس نے ڈرائیور کو انعام دیاتھا۔واقعہ کچھ یوں تھا کہ ڈنمارک کے ایک خاندان نے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور شفافت خان کی گاڑی میں سفر کیا اس دوان فیملی 21 ہزار ڈالر، موبائل فون اور پاسپورٹ گاڑی میں بھول کر روانہ ہوگئے۔جس پر پاکستانی ڈرائیور نے الراشدیہ پولیس اسٹیشن میں پہنچ کر نقدی اور سارا سامان جمع کروادیا تھا، پولیس نے متعلقہ فیملی سے رابطہ کرکے ان کا سامان حوالے کیا تھا۔ جس پر خاندان نے بھی پاکستانی ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا تھا۔