اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ڈی ایم کی قیادت اعلان کے باوجود الیکشن کمیشن آف پاکستان میں تحریری یاد داشت جمع کرانا بھول گئی تاہم اس ضمن میں حتمی طور پر کسی بھی مرکزی رہنما سے یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ واقعی بھول ہوئی اور یا پھر کسی حکمت عملی کے تحت اعلان کے بعد
ایسا کرنے کا فیصلہ کیا گیا؟نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لیے آنے کے بعد جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے اعلان کیا تھا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن میں تحریری یاد داشت جمع کرائی جائے گی۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق اعلان کیے جانے کے باوجود پی ڈی ایم کی جانب سے کسی بھی رہنما نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر جا کر تحریری یاد داشت پیش نہیں کی۔نجی ٹی وی کو اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے کے دوران چیف الیکشن کمشنر بھی اپنے دفتر میں موجود تھے۔