اسلام آباد(این این آئی) ڈی جی پٹرولیم کنسیشن آفس میں 20 آئل و گیس بلاکس کی بڈز کھولی گئیں۔ اعلامیہ کے مطابق بڈز کھولنے کے عمل کے دوران حصہ لینے والی تمام کمپنیوں کے نمائندے موجود تھے، نئے آئل و گیس بلاکس کی کھدائی سے کم سے کم 71 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری آئے گی۔
اعلامیہ کے مطابق ای اینڈ پی کمپنیاں بلاکس کے علاقے میں سماجی فلاح و بہبود کیلئے 1.3 ملین ڈالرز خرچ کرے گی، جہاں پر تیل و گیس کی دریافت ہو گی وہاں پیداوار کو بڑھانے کیلئے ڈویلپمینٹ پراجیکٹ بھی شروع کئے جائیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق ملک میں تیل اور گیس کی ایکسپلوریشن و پیداوار کی سرگرمی کو وسعت دینے کیلئے موجودہ حکومت نے کئی اقدامات کئے ، تیل و گیس دریافت و پیداواری سرگرمیوں سے نوکری کے مواقع پیدا ہوں گے۔اعلامیہ کے مطابق تیل و گیس کی دریافتوں سے پٹرول و گیس کے امپورٹ بل میں بھی کمی آئے گی،خصوصی اقتصادی زونز کمیٹی نے غیرملکی فرم کو رشکئی اقتصادی زون میں پہلی الاٹمنٹ کی منظوری دیدی، سنچری اسٹیل پرائیویٹ لمیٹڈ 5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، رشکئی اقتصادی زون میں 2 لاکھ 50 ہزار ٹن اسٹیل مصنوعات تیار کرے گا، اس منصوبے کیلئے 45 میگاواٹ بجلی اور 1ہزار لیبر فورس استعمال ہوگی، کمپنی کو رشکئی اقتصادی زون میں 40 ایکڑ اراضی دی گئی ہے، 1 ہزار ایکڑ پر محیط رشکئی اقتصادی زون سے 2 لاکھ نوکریاں ملیں گی۔