لورالائی (آن لائن) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنما اورپشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور چین بھی ہم سے شاکی ہے۔بلوچستان کے علاقے لورالائی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان انتہائی خطرناک دور سے گزر رہا ہے،
دنیا میں دن بہ دن تنہا ہوتا جا رہا ہے اور قریبی دوست دور ہوتے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایک سے زیادہ ذمہ دار پاکستانیوں نے کہا کہ ہم چین گئے تھے اور انہوں نے کہا کہ خدا کو مانو ہمیں تو بخشو، ہمارے تاتاریوں کو بھی وزیرستان میں جگہ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیں ہم اپنی فوج کے ساتھ بات کریں اور فوج سے کہیں کہ سیدھی سادھی بات ہے کہ کیا یہ ملک فوج کے لیے ہے یا یہ فوج ملک کے لیے ہے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر یہ فوج ملک کے لیے ہے تو دنیا جہان کی افواج کو جو بھی مراعات ملتی ہیں ہم اپنے پیٹ پر پتھر باندھ کر وہ مراعات اپنی فوج کو دیں گے اور ان کی ایجنسیوں کو بھی بہترین ایجنسیاں بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سول اورفوجی ایجنسیوں آئی ایس آئی، ایم آئی کو بھی بہترین ایجنسیاں بنائیں گے لیکن سیاست میں ان کی مداخلت نہیں ہوگی جو آئین کہتا ہے۔