اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی نے مراد سعید کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مراد سعید 200 ارب ڈالر تو لائے نہیں، 316 ارب روپے کی نئی پھلجھڑی چھوڑ دی۔
اپنے بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ قوم ابھی تک مراد سعید کے 200 ارب ڈالر کے وطن واپس آنے کا انتظار کررہی ہے، مراد سعید اربوں کھربوں کی باتیں کرکے عمران خان کا ہی دل جیت سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مراد سعید صدر آصف علی زرداری کے ان فلیٹوں کا تو بتائیں جو وہ نیویارک سے برآمد کرکے لائے تھے، مراد سعید کی مضحکہ خیز گفتگو دراصل عمران خان کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ صدر آصف علی زرداری کا دور حکومت گزشتہ 12 برسوں کا سب سے بہترین دور تھا، عالمی کساد بازاری، قدرتی آفات اور دہشت گردی کے باوجود صدر آصف زرداری کے دور میں ملک نے سب سے زیادہ ترقی کی۔