لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سکیورٹی پر 70 اَن فٹ اہلکاروں کی تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے۔ اس انکشاف پر اعلیٰ پولیس حکام نے سکیورٹی پر مامور تمام پولیس اہلکاروں کو طلب کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سکیورٹی پر معمور
پولیس بینڈ کے ایک بینڈ ماسٹر کی تعیناتی کے انکشاف کے بعد اب ایک ٹانگ سے محروم سپیشل پولیس اہلکار کی تعیناتی بھی سامنے آگئی ہے۔ جس کا ذمہ دار سی سی پی او آفس لاہور کو ٹھہرایا جا رہا ہے لیکن اعلیٰ پولیس حکام نے اپنے کندھوں سے اس ذمہ داری کو اتارنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کی سکیورٹی پر معمور ایک سب انسپکٹر زاہد حسین کو ملازمت سے معطل کردیا ہے۔ جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ان کی معطلی محض کاغذی کارروائی پوری کرنے کے لئے عملی میں لائی گئی تھی جبکہ سب انسپکٹر زاہد حسین اب بھی اپنی تعیناتی پر کام کر رہا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے اعلیٰ پولیس افسران کی باقاعدہ سرزنش بھی کی ہے۔ پولیس حکام نے وزیراعلیٰ سکیورٹی پر معمور بینڈ ماسٹر طارق محمود سمیت ٹانگ سے محروم پولیس اہلکار کے تبادلے منسوخ کر کے انہیں اپنی پرانی جگہوں پر جانے کا حکم دیا ہے۔