لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے کارکردگی رپورٹ مانگ لی، رپورٹ کے بعد عمر شیخ کی تعیناتی میں توسیع یا تبادلے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیر قانون راجہ بشارت نے پنجاب سول سیکرٹریٹ میں سربراہی میں امن و امان سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جس پر پنجاب پولیس کی کارکردگی رپورٹ طلب کر لی گئی۔راجہ بشارت نے آئی جی پنجاب ،سی سی پی او لاہور سمیت بعض افسران کی کارکردگی رپورٹ طلب کی، سی سی پی او کے احکامات پر تبدیل ہونے والے اور کرپشن میں ملوث افسران کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں کرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے بڑے ایکشن لیے جائیں، افسران سے پوچھ گچھ بھی کی جائے گی۔ سی سی پی او عمر شیخ لاہور تین ماہ میں شہر میں کیا تبدیلی لائے اس حوالے سے انٹیلی جنس مشاہدہ ونگ سے رپورٹ مانگ لی گئی ہے۔