کوہاٹ(این این آئی)قدرتی وسائل سے مالامال کوہاٹ ڈویژن میں تیل و گیس کے مزید نئے ذخائر دریافت ہوگئے جہاں ضلع کوہاٹ کے مضافاتی علاقے سیاب میں تیل و گیس کے کامیاب ذخائر نکل آئے ۔سیاب1 ویل سے روزانہ 16 لاکھ معکب فٹ گیس
اور 12 بیرل تیل کی پیداوارحاصل ہوگی۔بدھ کے روز آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے جاری بیان کے مطابق اوجی ڈی سی ایل اور خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈکے باہمی اشتراک کے نتیجے میں ضلع کوہاٹ کے باراتی بلاک میں واقع مضافاتی علاقے سیاب میں ویل نمبر 1 میں تیل و گیس کے نئے کامیاب ذخائر دریافت ہوگئے ہیں ۔ اس ویل کی گہرائی 5500 میٹر ہے ۔کمپنی کے اعلامیہ کے مطابق اس ویل کی ٹیسٹنگ کی گئی جہاں سے روزانہ 1.6 ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ قدرتی گیس اور12 بیرل تیل حاصل ہوگا۔اس ویل میں او جی ڈی سی ایل کے 97.50 فیصد جبکہ خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کے 2.50 فیصد شیئر ہیں۔کمپنی نے توقع ظاہرکی ہے کہ تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت ملک میں تیل و گیس کی سپلائی اور ڈیمانڈ میں فرق کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔