اسلام آباد (آن لائن) پی ڈی ایم میں شامل اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کا قیادت کے پاس استعفے جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے ،ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ کے پچیس اراکین قومی اسمبلی کے استعفے پارٹی قیادت کو موصول ہو گئے ہیں ۔ابھی تک اپوزیشن لیڈر
شہباز شریف نے استعفی تحریر نہیں کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ابھی استعفی نہیں لکھا۔پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں اکتیس دسمبر تک استعفے جمع کروائے جانے ہیں ۔پیپلز پارٹی کے اراکین کے استعفے بھی بلاول بھٹو کو موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔آغا رفیع اللہ,قادر پٹیل۔شاہد رحمانی۔شگفتہ جمانی سمیت ایک درجن کے قریب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے استعفے بلاول کو موصول ہو چکے ہیں ،جے یو آئی کے چودہ اراکین قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں سے اراکین کے استعفے مولانا فضل الرحمان کے پاس جمع ہو گئے ہیں ۔بی این پی مینگل،اے این پی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے اراکین کے استعفے بھی پارٹی قیادت کو موصول ہو گئے ہیں ۔استعفے سپیکر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کے نام تحریر کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق ابھی تک ایک بھی استعفیٰ سپیکرز کو موصول نہیں ہوا ۔استعفے موصول ہونے کے بعد بیک وقت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو بھجوائیں گے۔استعفے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے بعد پیش کیے جائیں گے۔