لاہور( پ ر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے ملاقات کی جس میںعمومی صورتحال ، کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر
گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں۔ کلین اینڈ گرین پاکستان پی ٹی آئی کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔نئی نسلوں کو آلودگی سے پاک ماحول دیں گے اور پی ڈی ایم نے جو سیاسی آلودگی پھیلائی ہے، اسے بھی صاف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا ٹولہ ملک میں سیاسی کثافت کا ذمہ دار ہے۔ عوام کرپشن سے آلودہ عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ مخالفین کا منفی بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔عوام میں پی ڈی ایم کو صرف رسوائی مل رہی ہے اور ملتی رہے گی۔ وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر چل رہی ہیں۔ اس ٹولے نے پہلے ملک کو لوٹا اور اب کورونا کے دوران عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔