اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )آج پی ڈی ایم ملتان میں سیاسی قوت کا مظاہر ہ کرنے جارہی ہے ، اس سے پہلے پی ڈی ایم کے لیے کام کرنے کے شبہ میں جلال پور پولیس نے پی ٹی آئی کے عہدیدار حامد رفیق کو گرفتار کر لیا، تاہم بعد ازاں تھانے میں تحریری یقین
دہانی کہ ان کا پی ڈی ایم سے کوئی تعلق نہیں اور ضلعی صدر پی ٹی آئی کی مداخلت پر انہیں رہائی ملی، پولیس کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے متحرک کارکنوں کی تیار کی گئی فہرست میں پی ٹی آئی عہدیدار کا نام غلطی سے شامل ہوا۔دوسر ی جانب مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ اگر حکومت کو حالات پر امن رکھنے میں دلچسپی ہوتی تو پی ڈی ایم سے بات چیت کی جاتی ،پکڑ دھکڑ اور غیر جمہوری رویے قابل قبول نہیں۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت انتقامی کاروائی کر رہی ہے لیکن پی ڈی ایم حکومت کی کاروایوں کا مقابلہ کرے گی ،حکومت نے اداروں کو لیگی اراکین اسمبلی کے پیچھے لگا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قیادت جو فیصلہ کرے گی ہم اس پر عمل درآمد کریںگے ۔