لاہور،اسلام آباد( این این آئی، آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو جمعہ کے روز پیرول پر رہا کیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ذمہ داران کو اس حوا لے سے
آگاہ کردیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق (ن) لیگ نے ضلعی انتظامیہ سے ماڈل ٹائون اور رائیونڈ کے بعد ائیر پورٹ تک رسائی مانگ لی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز ائیر پورٹ سے میت وصول کرنا چاہتے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے (ن) لیگ کی درخواست پر اجازت کے لیے وقت مانگ لیا ہے ۔بیگم شمیم اختر کی میت ہفتے کو علی الصبح لاہور پہنچے گی ۔دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ ماجدہ کی نماز جنازہ بروز ہفتہ مورخہ 28 نومبر کو ادا کی جائے گی۔نماز جنازہ شریف میڈیکل سٹی رائیونڈ میں ظہر کی نماز کے بعد ادا کی جائے گی۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کے ایصال ثواب کے لیے رسم قل بروز اتوار مورخہ 29 نومبر کو ہوگی۔رسم قل میں صرف شریف خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی عوام اور کارکنان سے اپیل ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں رسم قل کے دن ان کی والدہ ماجدہ اور سب مسلمان مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی فرمائیں۔