لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی والدہ بیگم شیم اختر کی میت کاغذی کاروائی کے بعد پاکستان واپس روانہ کی جائے گی ۔ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ بیگم شمیم اخترکی نمازجنازہ ریجنٹ پارک اسلامک سینٹرمیں ادا کی جائے گی۔
اسی ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی خرابی صحت کے باعث ذاتی معالج نے انہیں سفر سے منع کردیا ہے۔ذرائع نے شریف خاندان کے قریبی حلقوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ بیگم شمیم اخترکی میت کے ساتھ خاندان کے کون کون افراد جائیں گے؟ اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کر گئی ہیں ۔بیگم شمیم اختر اس وقت لندن میں ہی نوازشریف کے ساتھ مقیم تھیں لیکن اب وہ انتقال کر گئی ہیں ۔ نوازشریف کی والدہ 15 فروری کو لندن گئی تھیں اور ان کا علاج بھی کافی عرصہ سے وہیں چل رہا تھا ۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کی جانب سے نواز شریف کی والد ہ کے انتقال کی خبر جاری کی گئی ۔ دوسری جانب پشاور میں موجود مریم نواز اور جیل میں قید شہبازشریف اور حمزہ شہبازکو بھی اطلاع کردی گئی ہے ۔