اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے اپنی والدہ شمیم بیگم اختر کے جسد خاکی کی تدفین کیلئے وطن واپس آنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، حسین اور حسن نواز شریف نے ان کے فیصلے کی مخالفت کر دی ہے ۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے
مطابق بیگم شمیم اختر کے انتقال کے بعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی ملک واپسی کیلئے مشاورت شروع ہو گئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف نے والدہ کی میت کیساتھ وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا جبکہ ان کے فیصلے پر اسحاق ڈار ، حسن اور حسین نواز انہیں وطن واپسی سے روک رہے ہیں ۔ وطن واپسی کا فیصلہ نواز شریف ، مریم نواز اور دیگر پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کے بعد کریں گے ۔ یاد رہے کہ نوازشریف اورشہبازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کا اب سے کچھ دیر پہلے لندن میں انتقال ہو گیا ۔بیگم شمیم اختر اس وقت لندن میں ہی نوازشریف کے ساتھ مقیم تھیں ۔ نوازشریف کی والدہ 15 فروری کو لندن گئی تھیں ،ان کی عمر 90 سال تھی. وہ کافی عرصے سے بیمار تھیں اور وہیل چیئر پر ہی رہتی تھیں۔ ان کا علاج بھی کافی عرصہ سے وہیں چل رہا تھا ۔