لاہور( این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میرے خلاف جو لوگ بھی سازشیں کر رہے ہیں ان سب کے بارے میں علم ہے، اب میں وزیراعلی بن کے دکھائوں گا۔نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے،
وزیراعلیٰ پنجاب نے دو صوبائی وزرا ء کی سخت سرزنش کی ہے۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیر تعلیم مراد راس نے اپنا سیکرٹری تعلیم تبدیل کرنے کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ میرا سیکرٹری تبدیل کر دیا گیا اور مجھ سے پوچھا بھی نہیں گیا۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر صوبائی وزیر عنصر مجید نیازی کی بھی کابینہ اجلاس میں سرزنش ہوئی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ چین آف کمانڈ کے تحت معاملات سامنے آئیں تو بہتر ہوگا۔وزیراعلی نے دونوں وزرا ء کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ جو سیکرٹری تبدیل ہوئے وہ کورس پر جا رہے ہیں، یہ کوئی ایسا معاملہ نہیں جسے کابینہ اجلاس میں اٹھایا جائے یہ بات آپ لوگ مجھ سے اکیلے میں بھی کر سکتے تھے۔ذرائع کے مطابق سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزرا ء کو ڈانٹ پلاتے ہوئے کہا کہ مجھے کہا جاتا ہے کہ وزیراعلی بن کردکھائو، اب وزیر اعلیٰ بن کر دکھائوں گا، جو لوگ باہر بیٹھ کر سازشیں کر رہے ہیں، سب معلوم ہے۔