گلگت (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹرز کو اپنا حق نہیں دیں گے، چھینی ہوئی سیٹیں واپس لیں گے،ہمارا دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا،ہم گلگت بلتستان کے عوام کو کٹھ پتلیوں کے حوالے نہیں کریں گے،پورے الیکشن میں
تحریک انصاف کی صرف ایک نشست تھی۔ان خیالات کااظہار اانہوں نے گلگت بلتستان میں کارکنان کے احتجاجی مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بلاول بھٹو نے کہاکہ میں ایک مہینے سے آپ کے ساتھ ہوں، میں نے اس سرزمین کے چپے چپے کا دورہ کیا ہے، میں پاکستان کے عوام کو بتانا چاہتاہوں کہ گلگت بلتستان کے عوام غیرت مند لوگ ہیں، گلگت بلتستان نے خود ڈوگراراج سے آزادی چھینی ہے، یہاں کے عوام آپ کو اجازت نہیں دیں گے کہ آپ ان کا الیکشن چوری کریں، انہوں نے عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے۔پیپلزپارٹی 12سیٹیں جیت رہی تھی تب سے سازش شروع ہوئی کہ آپ کے ووٹ میں کمی کی جائے گی۔ امیدواروں پر دبا ئو ڈالا گیا، بڑے بڑے لوگوں نے پیغام بھیجا گیا، بھٹواور بی بی کی پارٹی جیتیں، آپ کی سیاست جاری رہے گی مگر سلام کرتا ہوں کہ پیپلزپارٹی کا ہر امیدوار کھڑا رہا۔ پھر پیپلزپارٹی کے کارکنان کی طاقت دیکھ کر گلگت سے کارگل تک جیالے ہی جیالے تھے۔یہ دیکھ کر گھبرا گئے، وزیراعظم ،وزراء یہاں پہنچے۔ ہر بیان میں خلاف ورزی کی گئی، اس الیکشن کمیشن کا ہم عزت کرتے تھے، جن کا کام تھا کہ الیکشن میں ووٹ کی چوری اور دھاندلی کو روکنا تھا حکومت اور وزراء کو روکنے کی بجائے اپوزیشن کو نشانہ بنایا گیا، اسلام آباد میں پریس کانفرنس وزیراعظم ، وزراء کیخلاف نہیں بلکہ اپوزیشن کے خلاف کی گئی۔انہوں نے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں ووٹوں کی گنتی کی جائے، یہاں ہمارے امیدواروں کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہم ان کو عوام کی قسمت کے ساتھ نہیں کھیلنے د یں گے میں عوام کے ووٹ کے ساتھ سودا نہیں کرنے دوں گا۔ میں عوام کی جدوجہد کے ساتھ کھڑا ہوں، ہم رات والی دھاندلی اور جو اب تین سیٹیں چوری کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اس دھاندلی کو بھی روکیں گے۔ہمارا دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا۔ ہم گلگت بلتستان کے عوام کو کٹھ پتلیوں کے حوالے نہیں کریں گے۔ عوام کسی سلیکٹر کو اپنا حق چھیننے نہیں دیں گے ہم اپنی چھینی سیٹیں لے کر واپس جائیں گے۔